وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 51واں اجلاس منعقد

21

لاہور، یکم مارچ، (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 51واں اجلاس منعقد ہوا۔4گھنٹے جاری رہنے والے طویل اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب سول سرونٹس ایکٹ1974میں ترمیم کی منظوری دے دی اور جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کا تاریخ ساز فیصلہ بھی کیا گیا۔

کابینہ نے اتفاق رائے سے جنوبی پنجاب کیلئے ملازمتوں میں 32 فیصدکوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی اور پنجاب کے دیگر پسماندہ اضلاع کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کیلئے کمیٹی کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔

کابینہ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس1961کے تحت ویسٹ پاکستان رولز میں ترمیم کی منظوری دی اور  نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے میں شق شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

نکاح کے وقت دولہا دولہن کو ختم نبوتؐ پر ایمان کا حلف دینا ہوگا

سی پیک کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی لیز پر دینے کی اصولی منظوری دی گئی۔ کارپوریٹ فارمنگ کیلئے لیز کے قواعد و ضوابط طے کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی قائم

پنجاب بھر میں 500سے5ہزار ایکڑ اراضی کارپوریٹ فارمنگ کیلئے استعمال ہوسکے گی۔ کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ سے روزگار،فوڈ سکیورٹی اورجدید زراعت کو فروغ ملے گا۔

اجلاس میں پنجاب میں کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کی پالیسی کو آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔ پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ایکٹ2021کی منظوری دی گئی جس کے تحت پنجاب بھر میں مستقل بنیادوں سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔ سہولت بازاروں میں عوام کو سستے داموں اشیاء ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔ اتھارٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ اور وائس چیئرمین صوبائی وزیر صنعت ہوں گے۔ اتھارٹی تحصیل کی سطح تک سہولت بازاروں کا دائرہ کار بڑھائے گی۔ اجلاس نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورکے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی اوراہلیت کا معیارطے کرنے کامعاملہ محکمہ قانون کے سپرد کیا۔

اجلاس میں پنجاب فنانس ایکٹ 2021کی ذیلی شق 3میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس پر 95فیصد استثنیٰ دینے کی منظوری دی گئی

پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن ایکٹ1973 ذیلی شق 31کے تحت گارنٹی اور قرضہ جات کی مقررہ حد کوبڑھانے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔