میرپورخاص، 02 مارچ (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جرات مند حکمراں ہیں، ان کی فکر پاکستان اور اسکی عوام ہیں وہ کبھی ملک کی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حقوق سندھ مارچ کے جلسہ سے خطاب میں کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سندھ میں تبدیلی آرہی ہے اب پیپلز پارٹی کو دھاندلی نہیں کرنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اب ایسا وزیر اعظم ہے جس کو ہر لمحہ فکر پاکستان اور اس کی عوام کی ہے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنا فلسفہ دو لفظوں میں بیان کردیا ہے امریکہ نے پاکستان سے فوجی اڈے مانگے تو وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک انکار کردیا اور پاکستان کی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دی وہ جرات مند حکمراں ہیں ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کے پی کے میں عمران خان کی حکومت نے جو ترقیاتی و فلاحی کام کرائے اسکا دوسرے انتخابات میں بھی پھل ملا اور تجزیہ نگار کہہ رہے تھے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت نہیں بناسکے گی لیکن دنیا نے دیکھ لیا کہ پنجاب میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہے جو کامیابی سے چل رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھ فخر ہے کہ سانگھڑ میں پیر صاحب پگارا کے مریدوں نے بھی میرا استقبال کیا ہے ۔پیر صاحب کی مجھ سے محبت ہے انہوں نے مجھ جو عزت دی اسکو بھلا نہیں سکتا ۔پیر صاحب پگارا کی جماعت سندھ میں عوام کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کررہی ہے خیر پور میں صدر الدین شاہ راشدی کے بیٹے پر پیپلز پارٹی نے حملہ کراکے ان کے12ساتھیوں کو شہید کیا ۔انہوں نے کہاکہ خیر پور میں پیپلز پارٹی نے دھاندلی کرکے صدر الدین شاہ راشدی کو ہرایا تھا لیکن اب ہمیں ایسا نہیں کرنے دیں گے ۔











