وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی اسلام آباد کے گیم چینجر منصوبے رنگ روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

33

اسلام آباد، 19 مار چ(اے پی  پی ): وزیر اعظم   عمران خان نے راولپنڈی اسلام آباد کے گیم چینجر منصوبے رنگ روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا،افتتاحی تقریب ہفتہ کو مجوزہ ٹھلیاں انٹرچینج کے مقام پر منعقد ہوئی، رنگ روڈ کی کل لمبائی38.3 کلومیٹر ہوگی، سڑک جی ٹی روڈ پر بانٹھ موڑ سے موٹر وے ایم ٹو پر ٹھلیاں تک بنائی جائیگی،منصوبے کے تحت 8ہزار992کنال زمین خریدی جارہی ہے،زمین خریداری پر 6ارب 72 کروڑ 47 لاکھ 30 ہزار روپے خرچ ہونگے،زمین خریداری کیلئے 5 ارب 90 کروڑ 13 لاکھ روپے صوبائی حکومت نے آرڈی اے کو جاری کر دیئے ہیں،2ارب 39کروڑ روپے کی زمین خریدی جاچکی ہے جبکہ  13 کروڑ 86 لاکھ 40 ہزار روپے سروسز کی منتقلی پر خرچ ہونگے،منصوبے کے سول ورکس پر 23 ارب 60 کروڑ 62 لاکھ روپے لاگت آئے گی تاہم منصوبے کی مجموعی لاگت 30 ارب 60 کروڑ 69 لاکھ روپے ہے۔

رنگ روڈ 6 رویہ ہے اور ہر لین کی چوڑائی 3.65میٹر ہوگی،دیگر شاہراہوں سے رابطہ قائم کرنے کیلئے 5 انٹر چینجز تعمیر کیے جائینگے،انٹرچینجز بانٹھ، چک بیلی روڈ، اڈیالہ روڈ، چکری روڈ اور ٹھلیاں کے مقام پر تعمیر کئے جائینگے۔

‏راولپنڈی رنگ روڈ اسلام آباد اور راولپنڈی کی ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا،منصوبے کی بدولت زرعی اراضی محفوظ رہے گی اور شہر کے پھیلاؤ میں ربط ہوگا،متبادل سڑک کے طور پر رنگ روڈ کی وجہ سے مسافروں کے وقت اور خرچے کی بچت ہوگی۔

 منصوبے کی بدولت روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا،منصوبے کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دیا گیا ہے جسے  24 ماہ میں مکمل کیا جائیگا۔