کراچی،21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہے، ملک بھر میں کنیکٹویٹی پر تقریباً 57 ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ورچوئل یونیورسٹی اورنگی ٹاؤن کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عام تاثر ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وزیر اندرون سندھ میں سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ دادو، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جیکب آباد، کشمور وغیرہ میں کنیکٹیویٹی اور فائبر آپٹیکل پر گزشتہ تین سالوں میں 32.4 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے جون کے بعد اندرون سندھ میں خاموش انقلاب آئے گا۔
وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک کے لیے 31 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اپریل یا مئی کے مہینے میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی فراہمی کے لیے مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں ورچوئل یونیورسٹیوں کے 28 کیمپس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی اورنگی ٹاؤن کیمپس میں پانچ فیکلٹیز ہوں گی اور طلباء آئی ٹی سمیت 35 سے زائد مضامین میں ماسٹر ڈگری حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں شرح خواندگی 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن محمد سہیل راجپوت، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، ایم پی اے علی خورشیدی اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
سورس : وی این ایس، کراچی