اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عدم اعتماد جمہوریت کا حصہ ہے لیکن اب اپوزیشن والے عدم اعتماد سے راہ فرار کر رہے ہیں، عدم اعتماد سے قبل وہ اسلام آباد میں کوئی ہنگامہ کرنا چاہتے ہیں، زرداری اور نواز شریف مولانا فضل الرحمٰن کو استعمال کر رہے ہیں، ووٹنگ کے دن پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز کو رینجر اور ایف سی کے حوالے کر رہے ہیں، ملیشیا کے لباس میں آنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ روز جو واقعہ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں،انصار الاسلام آئین کے آرٹیکل 256کے تحت تحلیل کی گئی ہے، پارلیمنٹ لاجز میں 362فیملیز رہائش پذیر ہیں، 50 افراد کو لاجز میں داخل کیا گیا، ہم نے 5 گھنٹے مذاکرات کیے، کامران مرتضیٰ نے پولیس سے متعلق انتہائی نازیبا زبان استعمال کی، پولیس پر تشدد کیا گیا اور 6 افراد زخمی ہوئے، پولیس والے ان کی ٹھوڑی کو ہاتھ لگا کر منتیں کرتے رہے،ہم نے کسی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ نہیں بنایا، ہلکے پرچے دیے، قانون کو ہاتھ میں لیا تو اگلی بار دہشتگردی کے پرچے ہوں گے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ کہ اسلام آباد بہارہ کہو میں پولیس کی کارروائی میں دہشت گرد گروپ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشت نہیں پھیلانا چاہتا لیکن اطلاعات کچھ اچھی نہیں ہیں، اطلاعات ہیں کہ مولانا فضل الرحمان اور شیخ رشید کو زیادہ خطرہ ہے۔ آپ کے کسی ایم این اے کو سکیورٹی چاہیے ہمیں بتائے، لیکن قانون ہاتھ میں نہ لے۔شیخ رشید نے کہا کہ خیبر پختونخواحکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بندہ یونیفارم میں اسلام آباد نہ آئے، جوملیشاء کے لباس میں اسلام آباد آیا اس کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ یہ نہیں دیکھا جائے گا کہ کون کتنا بڑا لیڈر ہے یا کسی جماعت کا سربراہ ہے۔











