ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی بڑھانے کیلئے مشینری کی خریداری کی تیاریاں جاری ہیں؛ سی ای او محمد فاروق ڈوگر

33

ملتان ، 21 مارچ (اے پی پی ):سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر  نے کہا کہ کمپنی کی کارکردگی بڑھانے کے لئے 26کروڑ60 لاکھ روپے کی مشینری کی خریداری کی تیاریاں جاری ہیں اور مطلوبہ مشینری میں منی ٹپرز،روڈ واشرز، ہیوی لوڈر اور ٹریکٹر شامل ہیں ، پروکیومنٹ کمیٹی نے مشینری خریداری کی منظوری دے دی ہے۔

پیر کو  یہاں  میڈیا سے گفتگو میں  محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ مشینری خریداری کی حتمی منظوری کا کیس اسی ماہ کمپنی بورڈ کو پیش کیا جائے گا،   کمپنی کی کارکردگی بڑھانے کے لئے مشینری اور افرادی قوت میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں روزانہ 1285ٹن ویسٹ پیدا ہوتا ہے ، کمپنی اپنی استعداد کار کے مطابق روزانہ850ٹن کوڑا اٹھا رہی ہے۔

سی ای او نے کہا روزانہ رہ جانے والا کوڑا خصوصی آپریشن کے ذریعے لفٹ کیا جاتا ہے، کمپنی کے پاس سینٹری ورکرز اور ڈرائیور پر مشتمل ورک فورس کی تعداد1973 ہے ، ملتان شہر کی آبادی 25لاکھ70ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹینڈرڈ فارمولے کے تحت شہر کی آبادی کے لئے2570 ورکرز پر مشتمل ورک فورس کی ضرورت ہے ، کمپنی کو  1438ورکرز کی ضرورت ہے۔انہوں نے  کہا کہ  ملتان شہر میں 13ہزار789 سٹریٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کے اصل ہیرو سینٹری ورکرز ہیں۔

محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ  کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد مکمل ہے ، شفاف اور موثر نظام کے لئے کمپنی کے بورڈ کے ڈائریکٹرز پر مشتمل چار کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔انہوں   نے کہا کہ سڑکوں اور گلیوں میں ڈالا جانیوالا ملبہ کمپنی کے لئے ایک چیلنج ہے ، ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کے کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹر کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔