ٹیکنالوجی مارکیٹ اور فیصلہ کرنے والوں کے مابین فاصلوں کو کم ہونا چاہیے ؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

38

کراچی،5مارچ  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  ٹیکنالوجی مارکیٹ اور فیصلہ کرنے والوں کے مابین فاصلوں کو کم ہونا چاہیے، وزیر اعظم کے اقدامات نے سب سے زیادہ فائدہ آئی ٹی سیکٹر کو دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (یو آئی ٹی) یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے پاکستان کے پہلے اوپن سورس آر آئی ایس سی ۔   وی   مائیکروپروسیسر کو ڈیزائن کرنے پر یو آئی ٹی اور اس کی ٹیم کو مبارک باد بھی دی ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ گریجویٹ پیدا کرنے چاہئیں ، سرکاری اور نجی اداروں کو اس شعبے پرزیادہ توجہ دینی چاہیے اور ملک میں مزید گریجویٹ پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کوانٹم لیب قائم کرنے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے  ورچوئل یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی کو سراہتے ہوے کہا کہ وہ  اس شعبے میں گریجویٹس تیار کر کے بہترین کام کر رہی ہیں ، اس کے علاوہ اس شعبے میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے شارٹ کورسز کے لیے آن لائن کلاسز کا انعقاد بھی کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آئی ٹی سیکٹر کے لیے ہر قسم کی سپورٹ جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ وزیر اعظم نے  ٹیکسٹائل، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کے پاس ہومین ریسورس سستا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو خوشحال بنانے کے لیے ہر فرد کی ضرورت ہے اورحکومت کو ان کے لیے مواقع بھی پیدا کرنے چاہئیں۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یو آئی ٹی یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے پاکستان کا پہلا اوپن سورس رسک بیسڈ مائیکرو پروسیسر تیار کرکے آئی ٹی انڈسٹری میں بڑے خلا کو پر کرنے میں زبردست کام کیا ہے۔

سورس:وی این ایس،  اسلام آباد