اسلام آباد،18مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اورنائیجیریا کے درمیان دفاع ، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کےشعبوں میں بڑھتاہوادوطرفہ تعاون قابل تعریف ہے، اسلامو فوبیاسے نمٹنے کا عالمی دن منانے کی تاریخی قرار داد کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے متفقہ منظوری سے نسل پرستی اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائیجیریا کے وزیردفاع میجر جنرل (ر) بشیر صالحی میگاشی سے ملاقات کے دوران کیا۔
نائیجیریا کے وزیردفاع نے وزیراعظم سے جمعہ کو ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے مشترکہ تاریخ ،ثقافت اور اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کو سراہا۔ افریقہ میں مارچ 2020 سے نائیجیریاکی معیشت کی ٹاپ پوزیشن سنبھالنے پر تعریف کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی اورکاروباری تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے دفاع، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو بھی سراہا۔ اقوام متحدہ کے امن مشنز کے زیراہتمام افریقہ میں امن کےفروغ کے لئے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور شراکت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے’’ انگیج افریقہ ‘‘کی اپنی پالیسی سے آگاہ کیاجس کا مقصد سفارتی تعلقات کو وسعت دینے اور براعظم افریقہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں شراکت داری کو آگے بڑھاناشامل ہے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے طورپر منانے کی تاریخی قرارداد کی متفقہ منظوری کو سراہتے ہوئے کہاکہ جنرل اسمبلی کی جانب سے اس ادراک کے بعدنسل پرستی ، امتیاز اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کے خاتمہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر نائیجیریا کےصدر محمد بخاری کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ جلد از جلد موقع ملنے پر پاکستان میں ان کاخیر مقدم کریں گے۔











