صومالیہ کے وزیر دفاع کی پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز آمد، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

2

اسلام آباد ،5اگست  (اے پی پی): وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت صومالیہ کے وزیر دفاع جناب احمد معلم فقی نے کی۔

وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشان امتیاز، نشان امتیاز (عسکری)، تاج برطانیہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی پیشہ ورانہ امور، علاقائی سمندری سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے صومالیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس کے بعد وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز (عسکری)، ہلال امتیاز سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ اشتراک اور استعداد کار بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ چیف آف دی ایئر سٹاف نے پاک فضائیہ کی خود انحصاری، تربیت اور پیشہ ورانہ تبادلوں پر روشنی ڈالی اور صومالی ایئر فورس کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کی حمایت کا اعادہ کیا۔

صومالی وزیر دفاع نے علاقائی سمندری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل استعداد کو سراہا۔