ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے ،لانگ اور شارٹ مارچ کرنے والے بھی میچ دیکھیں ،ہماری اپوزیشن ہمیشہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے؛ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری

28

راولپنڈی،4مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم  24برس بعد پاکستان آئی ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے ، ہماری اپوزیشن ہمیشہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے   ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  نے جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان   میچ کے آغاز پرکیا۔وفاقی وزیرچوہدری فواد حسین    نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے مل کر خوشی کا اظہار کیا ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ  اپوزیشن ان فٹ ہے ،میچ نہیں کھیل پائے گی ،لانگ اور شارٹ مارچ کرنے والوں سے بھی کہوں گا کہ اپنی گاڑی پکڑیں اور جلدی سے ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے آئیں ، ان کو فری پاس دیں گے ،انہیں بھی عام لوگوں کے ساتھ  یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے  تاکہ  وہ یہ کہنے کے قابل ہوں کہ وہ بھی عام لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،ہم ہر دفعہ دیکھتے ہیں کہ چاہے وہ پیسے لوٹنے کا معاملہ ہو    ، گورنس کا معاملہ ہو  یا کھیل کا ہماری اپوزیشن ہمیشہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے   اور   ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے ،اتنا بڑا ایونٹ ہورہاہے ، اپوزیشن کا وہی رویہ ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن کی قیادت کو کہوں گا کہ انہیں ایک فری باکس دے دیں گے اور وہ چار پانچ دن  آرام سے  میچ دیکھیں اور اس کے بعد اپنی سٹریٹجی بنائیں کیونکہ بندے وغیرہ تو ان کے پورے ہو نہیں رہے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ  ہم چاہتے ہیں کہ انڈین کرکٹ ٹیم بھی یہاں  آئے، پاکستان میں زبردست میچز ہونے چاہیئں اور بجائے اس کے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو روکا جائے ہمیں پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ کو سپورٹ کرنی  اور کھیلوں کو فروغ دینا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ میرا یہ ماننا ہے کہ ہندوستان میں بھی ایسی آوازیں ہوں گی جو   شدت پسندی کو مسترد کرتی ہیں ۔اس موقع پر وفاقی وزیر  نے کرکٹ کی بحالی پر پی سی بی،سی اے ،آئی سی سی حکام کا شکریہ ادا کیا ۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک سوال کے جواب میں برجستہ کہاکہ عمران خان تو میچ جیت چکے ہیں ، انہوں نے 1992میں سب کچھ جیت لیا اوراب بھی سب کچھ جیت جائیں گے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات   و نشریات چوہدری فواد حسین  ،گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر اعلیٰ حکام نے سٹیڈیم میں پاک آسٹریلیا میچ دیکھا ،شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد بھی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے موجود تھی ۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد