پاکستان و ازبکستان تعلقات ایک نئی جہت کو پہنچ گئے ہیں؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

18

اسلام آباد،2مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات نئی جہت پر پہنچ گئے ہیں، سنٹرل ایشیا کو راہداری دینا وزیراعظم کا ویژن ہے جس سے وسط ایشیائی ممالک سے تعلقات مستحکم ہوں گے، ازبکستان کے صدر کا دورہ پاکستان خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ازبکستان کے قومی ملبوسات اور ٹیکسٹائل اور دیگر  مصنوعات کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ہم قریبی دوست ملک ازبکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات اور روایتی ملبوسات کی نمائش کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر اس نمائش میں خصوصی طور پر شرکت کر رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ازبک صدر دورہ پاکستان پر آ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے ازبک صدر سے دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک کا اہم سربراہ ازبک صدر پاکستان تشریف لا رہے ہیں ان کا یہ  دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا  کہ پاکستان اور ازبکستان کے  سربراہان کا ویژن وسط ایشائی ممالک کو راہداری فراہم کرنا ہے جس سے دوطرفہ تجارت اور باہمی روابط کو فروغ ملے گا۔