اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم ان شاءاللہ تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اپوزیشن کو شکست دیں گے۔پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میری بلاول سے گذارش ہو گی قومی اور آئینی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا مناسب نہیں ہے،ہم ان شاء اللہ عدم اعتماد کی تحریک کا مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول آرٹیکل 6 کا ذکر کرتے ہیں،آئین سب کیلئے مقدس ہے۔وزیر خارجہ نے بلاول سے پوچھا ہے کہ جب آپ اور آپ کے ابو نوٹوں کے تھیلے لیے ممبران کے دروازوں پر جا کر کہہ رہے ہیں کہ اپنی وفاداریاں تبدیل کرو تو کیا یہ حلف سے روگردانی نہیں؟آئین کی روح کو آپ اور آپ کے والد متاثر کر رہے ہیں،ان غیر آئینی ہتھکنڈوں سے باز رہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مت بھولیے کہ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے ہمیں آ کر بتایا ہے کہ آپ ان کے ساتھ کیا گفتگو کر رہے ہیں۔بحیثیت سیاسی کارکن مجھے اور میری جماعت کو اپنے اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے،وہ بہت وضع دار لوگ ہیں انہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا اور وہ اپوزیشن کی سب چالوں کو سمجھتے ہیں۔وہ سب تجربہ کار سیاستدان ہیں اور کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام سمجھتے ہیں کہ کہ ان کے “ان ہولی الائنس ” کا شیرازہ بہت جلد بکھر جائے گا کیونکہ اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کا کوئی ایک نظریہ اور ایک سوچ نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا بلاول نے پیپلزپارٹی کی آئیڈیالوجی کو مولانا کی آئیڈیالوجی میں ضم کر دیا ہے؟ کیونکہ نون لیگ کی اپنی سوچ ہے اگر آپ کا خیال ہے کہ مریم نواز مستقبل کا لیڈر آپ کو سمجھتی ہیں تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے،آپ کا نہ نظریہ، نہ قیادت اور نہ ہی منشور ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر ذی شعور شہری سمجھ چکا ہے کہ اس ان ہولی الائنس کا مقصد عمران خان کو ہٹانا ہے۔لوگ اس بات کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں کہ آپ عمران خان سے خوفزدہ کیوں ہیں؟وزیر خارجہ نے کہا کہ کیا اس بے یقینی کی کیفیت سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچ رہا ہے؟کیا اس بے یقینی کی کیفیت سے آپ افغانستان کے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔آپ دنیا کو کنفیوزڈ سگنل کیوں دینا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ انہیں عنقریب شدید مایوسی ہو گی۔ہمیں او آئی سی کے اجلاس کی اہمیت کا علم ہے۔انشاء اللہ 22 اور 23 مارچ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اڑتالیسواں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت ایک گرد اڑی ہوئی ہے میں اس گرد کے اندر سے دیکھ رہا ہوں کہ لوگ اس عدم اعتماد کے اصل محرکات کو پہچان گئے ہیں۔آج بڑی بڑی آفرز کی جا رہی ہیں۔کیا جن کو آفر کی جا رہی ہیں وہ آپ کے ماضی سے غافل ہیں؟انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان شاء اللہ یہ ناکام ہوں گے۔یہ تیس تیس ہزار روپے دے کر لوگوں کو سندھ سے لائے، کیا لے کر آئے؟ کیا دے کر گئے؟











