پاکپتن،27مارچ(اے پی پی): عظیم صوفی بزرگ چن پیر سرکار رحمت اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات دوسرے روز میں داخل ہو گئی ہیں۔ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔سینکڑوں عقیدت مند رنگ برنگے جھنڈے اٹھائے ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالتے ہوئے جماعتوں کی صورت میں درگاہ پر حاضری دے رہے ہیں۔
چن پیر سرکار کے میلے میں پنجابی ثقافت کی جھلک کو نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔میلے میں عارضی طور پر سجائے گئے رنگ برنگی مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کے اسٹالز زائرین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
درگاہ پر آئے زائرین کے جان و مال کے تحفظ کے لئیے ضلعی پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
عرس کی بڑی رسم اٹھائیس مارچ کو سجادہ نشین سید حسن رضا گیلانی اپنے دست مبارک سے ادا کریں گے۔
سورس: وی این ایس، پاکپتن