پاکپتن،23 مارچ (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح پاکپتن میں بھی یوم پاکستان ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر چھوٹی بڑی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔23مارچ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس پاکپتن کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ماہم آصف اور اسسٹنٹ کمشنر شرجیل شاہد سمیت ضلع بھر کے افسران،پنجاب پولیس،سول ڈیفنس، ریسکیو1122کے عملہ سمیت سول سوسائٹی نے بھی بھرپور شرکت کی۔یوم پاکستان کے موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور پنجاب پولیس کے دستے نے پاکستان کے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور وبائی امراض سے نجات کے لئیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ضلعی افسران اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔
سورس:وی این ایس، پاکپتن