پنجاب یونیورسٹی کو کپاس کی 6 نئی اقسام کی دریافت کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں؛ صوبائی وزیرحسین جہانیاں گردیزی

27

لاہور، 22 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے سینٹر آف ایکسئلنس اینڈ مالیکیولر بیالوجی پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام کپاس کی ترویج کے لئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر آف ایکسئلنس اینڈ مالیکیولر بیالوجی پنجاب یونیورسٹی کو کپاس کی 6 نئی اقسام کی دریافت کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،ادارہ ہذا کی کپاس کی ترویج کے سلسلے میں خدمات بہت اہم ہیں۔

وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ زرعی سائنسدان موسمیاتی تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کپاس کی نئی اقسام دریافت کریں۔ گزشتہ برس حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور کاشتکاروں کی محنت کے باعث کپاس کی 21 فیصد زیادہ پیداوار حاصل ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ  موجودہ سال حکومت کپاس کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے کاشتکاروں کو منظور شدہ بیج و دیگر زرعی مداخل پر کروڑوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ موجودہ سال کپاس کی بین الاقوامی طور پر قیمت بڑھ رہی ہے، کپاس کی قیمت بڑھنے سے کاشتکاروں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نے کہا کہ کپاس کی بحالی کیلئے اکیڈمیا اور انڈسٹری مل کر کام کریں۔

سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کریں،  امسال محکمہ زراعت کپاس کی بوائی سے چنائی تک کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک ہوگا۔

تقریب میں  ڈائریکٹر سی ای ایم بی ڈاکٹر احمد علی  شاہد سمیت زرعی سائنسدانوں اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سورس:وی  این ایس، لاہور