لاہور ،25 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پوری قوم نے دیکھا سندھ ہاؤس میں کیسے منڈیاں لگی۔ اپوزیشن کی اس سازش کو ڈرائنگ روم میں ناکام نہیں بنایا جا سکتا، باہر نکلنا ہوگا۔ لاہوریوں سے اپیل ہے کہ وہ حق و باطل کی اس جنگ میں ہمارا ساتھ دیں۔
جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہم نے اس ملک کو ایک خود مختار معیشت اور آزاد خارجہ پالیسی دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی ہارس ٹریڈنگ نہیں کی، لاہور کے شہریوں سے اپیل ہے یہ جنگ آپ کی ہے باہر نکلیں، سب نے سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہوئی دیکھی، کرپٹ ٹولے کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے لیڈر عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا، ہماری جنگ ضمیر فروشوں کیخلاف ہے، 27 مارچ کو ریلا نہیں سیلاب نکلے گا، تمام سازشوں کوتوڑتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن سے خرید و فروخت کا معاملہ شروع ہوا، جو بدبودار نظام اپوزیشن نے شروع کیا اسے ختم کریں گے۔
سورس:وی این ایس، لاہور