لاہور ،06 مارچ (اے پی پی): معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف وزیراعظم عمران خان کے تاریخی اقدامات سے عوام کو بہت بڑا ریلیف ملا ہے، پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ایک سرکس ہے جو شہر شہر گھوم رہا ہے، وزیراعظم کا ویژن ہے کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھیں۔
ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سائیکل ریس کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مفت سرکس ہے جس سے عوام محظوظ ہو رہے ہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب حکومت کی جانب سے ہر طرح کی سپورٹ دی گئی ہے اور سیکیورٹی بھی مہیا کی گئی ہے اس کے باوجود ان سے لوگ اکٹھے نہیں ہو رہے۔
حسان خاور نے کہا کہ لاہور میں پیپلز پارٹی کی کوئی سپورٹ بیس نہیں ہے اور ان کی لاہور سے ضمانتیں بھی ضبط ہو جائیں گی۔ندیم افضل چن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ انہوں نے اس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے جہاں سے انھیں ایک ووٹ بھی نہیں ملنا۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک شخص کے پارٹی سے جانے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
حسان خان نے مہنگائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے تاریخ ساز اقدامات سے عوام کو بہت بڑا ریلیف ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھیں اور ملکی معیشت میں بھرپور کردار ادا کریں۔
سورس:وی این ایس، لاہور