لاہور،02مارچ ( اے پی پی ):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ چکوال میں 500بستروں پر مشتمل نیاڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرزہسپتال تعمیرکرنے جارہے ہیں،نئے ڈی ایچ کیوہسپتال چکوال میں برن یونٹ، گائنی، لیبررومز، یورولوجی سمیت تمام شعبہ جات قائم کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال اور تحصیل ہیڈکوارٹرزکلرکہارپر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو ڈی ایچ کیوہسپتال چکوال اور تحصیل ہیڈکوارٹرزکلرکہارپرجاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتال کلرکہارمیں مریضوں کوہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیوہسپتال کلرکہارمیں سی ٹی سکین اور ایم آرآئی کی سہولت جلددستیاب کریں گے،دلھہ سمیت 2مقامات پر اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سنٹرزقائم کئے جارہے ہیں،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات ماضی کی نسبت بہت بہترہوچکے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرفرخ نوید،سی اوہیلتھ چکوال اور ایم ایس ڈی ایچ کیوہسپتال چکوال کے علاوہ دیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی۔











