چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قزاخستان کے وزیر خارجہ مختار تلوبردی کی ملاقات

28

اسلام آباد،23مارچ  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے   قزاخستان کے  وزیر  خارجہ مختار تلوبردی نے بدھ  کو  یہاں   پارلیمنٹ ہاؤس میں  ملاقات کی  ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان  قزاخستان تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم ہوئے ہیں، او آئی سی کے عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر قزاخستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا اہم ہے اوربراہ راست فضائی رابطوں سے تجارتی، سیاحتی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے رابطہ کاری کو فروغ ملے گا اورتجارتی وفود بھی قزاخستان کا دورہ کر رہے ہیں، سرمایہ کاری کے لئے بہترین پالیسیاں متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں  نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے نقطہ نظر کی حمایت پر قزاخستان کی حکومت کے شکر گزار ہیں، گوادر کے ذریعے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔

 قزاخستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ 23 مارچ کی تقریب میں شرکت کر کے خوشی ہوئی۔ انہوں نے ایئر شو کی تعریف کی اور کہا کہ پائلٹس کی مہارت نے کافی متاثر کیا ہے۔ انہوں   نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سیاسی سطح پر روابط بڑھ رہے ہیں اور اعلی سطح پر وفود کے تبادلے زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اعلی سطح وفود کے تبادلوں کی بدولت تعاون کے لئے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔