چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کا ایک روزہ دورہ کوہلو ، سول سوسائٹی کے نمائندوں سے علاقے کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی

39

کوہلو ،13مارچ  (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا ایک روزہ مختصردورے پر کوہلو پہنچ گئے جہاں انہوں نے لیویز لائن میں کھلی کچہری کے دوران عمائدین ،سیاسی ومذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے علاقے کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی اور بیشتر بنیادی مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ سیکرٹریز اور افسران کو احکامات جاری کردیئے ۔

چیف سیکرٹری بلوچستان کا ہیلی پیڈ پر ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان مگسی نے استقبال کیا ، لیویز لائن کوہلو پہنچنے پر کیو آر ایف کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی ۔اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے فرداً فرداً عمائدین سے مصافحہ کیا ،چیف سیکرٹری بلوچستان کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ہاشم غلزئی ،سیکرٹری زراعت امید علی کھوکھر،سیکرٹری توانائی زبیر احمد ،کمشنر سبی ڈویژن بالاچ عزیز ،کمشنر لورالائی ڈویژن بشیر احمد بازئی تھے ،ڈپٹی کمشنر کوہلو نے  مہمانوں کو بلوچی دستار ،واسکٹ اور چھڑی پیش کی ۔

عمائدین سے خطاب میں چیف سیکرٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کوہلو میں انتظامی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے مزید اقدامات اٹھارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں صحت ،تعلیم ،پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، کھلی کچہری کا مقصد علاقے اور عوام کے مسائل کو قریب سے جاننا ہے ۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ کوہلو میں زراعت کے حوالے سے حکومتی سطح پر بھر پور اقدامات اٹھارہے ہیں زمینداروں کو شمسی ٹیوب ویلز کے ذریعے زراعت کے شعبے میں سہولیات اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کی بحالی میں سیکورٹی فورسز اور عوام کے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 عمائدین کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو کوہلو سبی شاہراہ کی از سر نو تعمیر ،تنگا واٹر پروجیکٹ کی بحالی ،گرلز کالج کوہلو میں کلاسز کا آغاز ،ڈی ایچ کیو میں بہتر سہولیات اور ادویات کی فراہمی ،او جی ڈی سی ایل کا علاقے کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کرنے اور پولیس اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا جس پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے متعلقہ سیکرٹریز اور افسران کو موقع پر احکامات جاری کئے ۔انہوں نے کھلی کچہری میں اجاگر کئے گئے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ کوہلو سبی شاہراہ کی تعمیر کے لئے رواں سال پی ایس ڈی پی میں بجٹ مختص کریں گے مواصلاتی رابطوں کی بحالی سے علاقے میں ترقی وخوشحالی کی نئی راہیں ہموار ہونگی جبکہ روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہونگے ۔شہر میں پینے کے صاف پانی کے میگا پروجیکٹ تنگا منصوبے کیلئے فنڈز ریلیز کئے جائیں گے ۔گرلز کالج میں کلاسز کا آغازاورپولیس اسٹیشنز کے فوری قیام پرمتعلقہ افسران کو احکامات کئے ۔تحصیل کاہان میں انتظامی انفراسٹکچرکی بحالی اور سڑکوں کی تعمیر کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جہاں انتظامی انفراسٹرکچر  کی بحالی اورضلع میں میگا پروجیکٹس کے آغاز کے لئے علاقائی عمائدین سے خصوصی تجاویز لیں گے ۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے مستحق اور بیوہ خواتین میں امدادی رقوم بھی تقسیم کیں۔ کھلی کچہری میں میر محبت خان مری ،میر نثار احمد مری ،چیف آف مری خیر محمد رہزن ،چیف آف بجارانی وڈیرہ شاہنواز مری ،میر اسماعیل مری ،وڈیرہ ربنواز ژنگ ،چیئرمین محراب بلوچ ،حاجی میر بہار خان مری ،وڈیرہ جعفر خان پوادی ،وڈیرہ بیورغ مری ،رسالدار میجر شیر محمد مری ،ڈاکٹر گہنور خان مری ،ڈاکٹر اصغر مری و دیگر عمائدین ،محکموں کے سربراہان اور افسران شریک تھے ۔

سورس:وی این ایس، کوہلو