لاہور ، مارچ 21 (اے پی پی): صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے دو روزہ ڈیری ایشیا ایکسپو 2022 نمائش کا افتتاح کیا۔ڈیری ایشیا ایکسپو میں ڈیری انڈسٹری سے وابستہ سو سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے اسٹال لگائے ہیں۔اس نمائش سے لوگوں کو ملکی و غیرملکی ماہرین سے سیکھنے سمیت ڈیری فارمنگ، خوراک، ادویات، مشینری اور سافٹ ویئر بارے رہنمائی ملے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ ڈیری انڈسٹری کی کامیابی کی طرف یہ نہایت اہم قدم ہے، جدید اور منافع بخش ڈیری فارمنگ کے اصولوں اور ٹیکنالوجی سے روشناس ہونے کیلئے یہ بہترین پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی جانب سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایکسپو میی خوش آمدید کہتا ہوں،ایک چھت تلے لائیو سٹاک فارمنگ بارے رہنمائی سے مویشی پال کسانوں کو آگاہی مل رہی ہے۔پرائیویٹ سیکٹر کی گروتھ غیرمعمولی ہے اور ملک میں ڈیری فارمنگ کا رجحان دن بدن بڑھ رہا ہے۔آج کا دن سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ دن لائیو سٹاک شعبہ کی ترقی میں بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی۔
ہالینڈ کے سفیر ووٹر پلمپ نے بھی نمائش میں شرکت کی۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے سفیر کو ایکسپو کا دورہ کروایا۔اس دوران تکنیکی سیشنز و سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں ملکی و غیرملکی ماہرین نے لمپی سکن بیماری سمیت ڈیری فارمنگ بارے آگاہی دی۔
سورس:وی این ایس، لاہور