ہمیں نظریہ پاکستان پر ایک مربوط بیانیہ تخلیق کرنے کی اشدضرورت ہے؛ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر

23

رینالہ خورد،25مارچ(اےپی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے یونیورسٹی کی سیرت چیئر کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نظریہ پاکستان پر ایک مربوط بیانیہ تخلیق کرنے کی اشدضرورت ہے کیونکہ اسی سے ہی معاشرے میں اجتماعی سوچ پیدا کی جا سکتی ہے۔

 شعبہ علوم اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر زید لکھوی کی جانب سے منعقد کردہ اس سیمینار میں نامور صحافیوں مجیب الرحمن شامی اور سلمان غنی کے علاوہ یونیورسٹی کے ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی نے بطور مہمان اسپیکرز شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ پاکستان کی تخلیق بذات خود ایک مقصد تھا  اور ملک کی ترقی اور معاشرے کی فلاح کےلیے ضروری ہے کہ شہریوں کے رویوں اور سوچ کو مثبت بنایا جائے۔ ان کا  کہنا تھا  کہ ریاست شہریوں سے مل کر بنتی ہے اور اگر شہریوں کی سوچ مثبت اور تعمیری ہو جائے تو ریاست خود بخود ترقی اور بہتری کی منازل طے کر جاتی ہے،پاکستان کی تخلیق کا اصل مقصد ہمارے قومی ترانے میں پنہاں ہے۔

سلمان غنی نے کہا کہ  پاکستان نظریاتی بنیادوں پہ بنا تھا اور اس کا مقصد پوری مسلم امہ کی قیادت کرنا تھا۔ بد قسمتی سے بے روزگاری اور سوشل سیکیورٹی کا باقاعدہ نظام نہ ہونے کے باعث ہماری نوجوان نسل مایوسی کا شکار ہے، لیکن اس کے باوجود ہم ہر میدان میں ترقی کر سکتے ہیں کیونکہ اس ملک کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔ اس مقصد کے حصول کےلیے ہمیں نوجوان نسل کے اندر قومیت پرستی کے جذبات کو فروغ دینا ہو گا۔

ڈاکٹر زعیم نے ریاست کے امور میں اسلامی قوانین اور ضوابط کے کردار پہ روشنی ڈالی اور ریاست مدینہ کی طرز میں پاکستان کی تخلیق اور اس کے اعلی مقاصد کے حصول کے لائحہ عمل کی وضاحت کی۔

سورس:وی این ایس،  رینالہ خورد