چنیوٹ۔13اپریل (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی کی خصوصی کاوش سے چنیوٹ کے شہریوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات جاری ، آر پی او فیصل آباد عمران محمود نے سٹیٹ آف دی آرٹ سمارٹ سٹی پراجیکٹ چنیوٹ کا افتتاح کردیا۔ڈی پی او نے آر پی او کو سمارٹ سٹی پراجیکٹ،کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی۔ سمارٹ سٹی پراجیکٹ کے تحت ضلع بھر میں مختلف مقامات پر پہلے مرحلے میں 2 سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں،سمارٹ سٹی چنیوٹ کی بدولت حساس مقامات،اہم پوائنٹس پر پولیس کی مانیٹرنگ بہتر ہونے کی بدولت جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں مدد ملے گی۔ آر پی او نے کہا کہ سمارٹ سٹی پراجیکٹ کی بدولت سٹریٹ کرائم،لاء اینڈ آرڈر کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، دوسرے مرحلے میں 5 سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ آر پی او نے فالکن سکواڈ کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 25 فالکن سکواڈ کے محافظ گشت کریں گے، فالکن سکواڈ کے قیام سے پولیس کا ریسپانس ٹائم بہتر ہوگا، مارکیٹ پلیسز، سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ آر پی او نے سمارٹ پولیس موبائل کا افتتاح کے موقع پر کہا کہ سمارٹ پولیس موبائل کی مدد سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، آر پی او نے سٹیٹ آف دی آرٹ اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل پی آر او برانچ کا افتتاح کیا۔