ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کا 5 ہزار 739 میگاواٹ شاٹ فال ہے؛وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر

17

اسلام آباد،29اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بجلی بحران کی ذمہ دار سابق حکومت ہے ، ایندھن کی عدم دستیابی اور تکنیکی خرابیاں بحران کی بنیادی وجہ ہیں ،  ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کا 5 ہزار 739 میگاواٹ شاٹ فال ہے۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں وزیر مملکت برائے بجلی  ہاشم نوتیزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے اور جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ، لوڈ شیڈنگ کی پہلی وجہ ایندھن کی عدم دستیابی ہے ، ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث 5739میگاواٹ بجلی کی پیداوار ی صلاحیت سے ہم استفادہ نہیں کر پا رہے ، آر ایل این جی ، فرنس آئل اور کوئلے کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے ۔ کچھ پاور پلانٹس کو غلط اور نااہل مینجمنٹ کی وجہ سے ان دنوں مرمت کے لئے بند کیا گیا ہے ، تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے 2156میگاواٹ بجلی دستیاب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور تمام معاملات کی نگرانی کی جارہی ہے ، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ٹیمیں بنا دی گئی ہیں تاکہ عید کے دنوں میں  کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے  مزیدمسائل پیدا نہ ہوں اسی مقصد کے لئے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے عملے کی عید کی تعطیلات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیراعظم نے یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کی ہے یہ مسئلہ ہم حل کریں گے ، وزارت پٹرولیم آر ایل این جی منگوا رہی ہے ، امید ہے یکم مئی سے یہ ہمیں ملنا شروع ہو جائے گی ۔ فرنس آئل بھی 7مئی سے دستیاب ہو گا اور اگلے چند دنوں میں مزیدگیس بھی آجائے گی جس کے بعد اگلے 10 دنوں میں لوڈ شیڈنگ میں کافی حد تک کمی آجائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ذمہ داریاں سنبھالے 65گھنٹے ہی ہوئے ہیں ، معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ریونیو اہداف کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے ۔ بجلی چوری روکنے کے لئے قانون  نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جارہا ہے ، تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اضافی ٹرالی ٹرانسفارمرز کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔ ہماری کوشش ہو گی کہ زیر التوا کنکشنز بھی جلد لگا دیئے جائیں ۔