بورے والا،09اپریل(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاداحمد نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی محمد خضر افضال چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی کے ہمراہ رمضان بازار بورے والا اور گگومنڈی کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے مختلف سٹالز پر جا کر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، انکے معیاراور فراہمی کا جائزہ لیا۔
کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے آٹا چینی خرید کر لے جانے والے گاہکوں کو فون کر کے انکی خریداری اور مقرر کردہ قیمتوں کی تصدیق کی۔
انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام کو 13اشیاء خوردونوش رعایتی نرخوں پر فراہم کی جاری ہیں، رمضان بازاروں میں خریداروں کی سہولت کے لئے خواتین اور مردوں کیلئے چینی اور آٹے کے الگ الگ کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں، رمضان بازار میں10کلوگرام آٹے کا تھیلا 450روپے،مٹن،بیف،چکن 12روپے فی کلوگرام سستا مل رہا ہے اور چینی 80 روپے فی کلو گرام فراہم کی جارہی ہے، اسی طرح سبزیاں و پھل بھی خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔
کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آٹا چینی سمیت دیگر اشیاء پر دی جانے والی سبسڈی کی 100 فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے، قیمتوں کے استحکام اور انکے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے گا۔
سورس: وی این ایس، بورے والا