اسلام آباد،24اپریل (اے پی پی):بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموںو کشمیر کے دورہ کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔احتجاجی مظاہرین نے آزادی اورپاکستان کے حق میں نعرے لگائے ۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیرکا مقصد اپنی فوج کا مورال بلند کرنا ہے جو جنگ ہارچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذہنی دبائو کے باعث کشمیر میں روزانہ کئی بھارتی فوجی خودکشی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کا دورہ کشمیر غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے کیونکہ بھارت 1947ء سے کشمیر پر قابض ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ کشمیر کا مقصدعالمی برادری کو مقبوضہ جموںو کشمیر کی اصل صورتحال سے گمراہ کرنا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینرمحمد فاروق رحمانی نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ مودی کے دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے قبل گزشتہ 48گھنٹے میں بھارتی فوج نے 6 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے خلاف علاقے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











