اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ”جدوجہد مسلسل” کے عنوان سے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس مقصد کے لیے پاکستان بنا تھا اس کو حاصل کیے بغیر قوم نہیں بن سکتے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا سیاست میں طویل سفر ہے، جب تک پاکستان کے قیام کے مقصد پر واپس نہیں آئیں گے ہم ایک قوم نہیں بن سکتے، اقبال نے اسلامی ریاست کا تصور دیا جس کی بنیاد مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر تھی تاہم بدقسمتی سے ہم اس سے دور چلے گئے، ہم نے ان اصولوں پر چلنے کی کوشش نہیں کی، کبھی لسانیت، کبھی صوبائیت کا شکار ہوئے، مشرقی پاکستان میں پاکستان کے حق میں 99 فیصد ووٹ پڑے لیکن جب ہم نظریہ سے ہٹ گئے تو پھر اپنی اپنی سوچ پروان چڑھی، انصاف سے دوری، فلاحی ریاست نہ بننے سے مسائل نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست ہم سب کیلئے رول ماڈل تھی، خود دار قوم کسی کے آگے نہیں جھکتی، جب ریاست کمزور ہوتی ہے تو سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوتا ہے۔