سرکاری وسائل قومی امانت ہیں ان کو انتہائی احتیاط ، ذمہ داری اور شفافیت سے استعمال کیے جائیں؛ڈپٹی کمشنراوکاڑہ

37

اوکاڑہ،08اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجازنے کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، شہروں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن ،سڑکوں کی مرمت اور ایجوکیشن سیکٹر کے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ان کو مکمل کرنے کے لئے متعلقہ افسران ذاتی دلچسپی ،لگن سے کام کریں۔ سرکاری وسائل قومی امانت ہیں ان کو انتہائی احتیاط ، ذمہ داری اور شفافیت سے استعمال کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں جاری سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرڈویلپمنٹ مرغوب حسین نے تینوں تحصیلوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا ۔انہوں نے ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے لئے کئے جانے والے اقدامات ،فنڈز کے اجراء کے سلسلہ میں بھی اجلاس کو تفصیل سے بتایا ۔

 ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا کہ معیاری ترقیاتی منصوبے جہاں وسائل کا بہترین نتیجہ ہوتے ہیں وہیں پر وہ اپنی پائیداری سے لوگوں کے لئے تادیر سہولت مہیا کرنے کا بھی سبب بنتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوک سروسز کا تعلق براہ راست عوامی خدمت سے ہے اس لئے اس شعبہ سے متعلقہ منصوبے بلا تاخیر مکمل کئے جائیں ۔

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

سورس : وی این ایس، اوکاڑہ