اسلام آباد،29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فرح خان کی 84کروڑ کی ایک ٹرانزیکشن ہے ، اس کے خلاف نیب نے انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے اور استقامت کا بڑا امتحان لیاگیا، وہ آئینی، قانونی اور جمہوری طریقے سے ہمارا مقابلہ کریں، وہ اپنی حد کو کراس نہ کریں، ان کے خلاف کرپشن کے کیسز نکل آئیں گے۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے خلاف کرپشن اسکینڈلز سے بچنے کے لیے کہتا ہے سازش ہوگئی، لوگوں کو راستہ بتارہے ہیں کہ مخالفین کے بچوں کو تنگ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر کی طرح لمبی لمبی باتیں ہم بھی کرسکتے ہیں۔