اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان اور چین کے تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، چینی شہریوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے پھانسی دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کراچی یونیورسٹی پر حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر غم اور تعزیت کا اظہار کرنے کے لئے چینی ناظم الامور پھینگ چنگ زو سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر احسن اقبال ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی انکے ہمراہ تھے۔اپنے دورے کے دوران ، وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ سے تعزیت کا خصوصی پیغام بھی لکھا۔ انہوں نے چینی شہریوں کی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے ’’آئرن برادرز‘‘ پر ہونے والے وحشیانہ حملے پر صدمے اور غم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی حکومت ، چین کے عوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتاہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور وہ پاکستانی سرزمین سے ہر طرح کی دہشت گردی اور دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس واقعے کی ترجیحی بنیادوں پر تحقیقات کی جائیں گی اور پاکستان اس خوفناک حملے میں ملوث مجرموں کو مثالی سزا دے گا۔انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو بدھ کے روز کراچی پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ عہد کرتے ہیں کہ جب تک چینی شہریوں کے ان قاتلوں کو گرفتار کرکے پھانسی نہ دے دی جائے وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین گہرے، آہنی تعلقات پر کوئی حملہ ناقابل برداشت ہے اور اس طرح کی کسی بھی شرپسند سرگرمی کو دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاشوں کی وطن واپسی اور زخمیوں کی واپسی کے تمام انتظامات کیے جائیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی باشندوں اور اداروں کی سیکیورٹی میں اضافہ کرنے اسے فول پروف بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی گی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔











