چمن؛ ڈپٹی کمشنر کی ضلع بھر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے لیویز فورس کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت

46

چمن، 20 اپریل (اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) جمعہ دادخان مندوخیل نے  امن وامان برقرار رکھنے کےلیے لیویز فورس کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ ڈی سی نے تمام  رسالداران، نائب رسالداران  اور ٹائیگر فورس کے علاقہ وائز تمام انچارج   کو ڈی سی آفس چمن میں طلب کیا ،انہیں سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ  کہ وہ اپنے اپنے  علاقوں میں امن وامان کو برقرار رکھے اور اپنے اپنے متعین کردہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر گشت کیا کریں  ، اس کے علاوہ  ڈی سی آفس میں روزانہ کی بنیاد پر حاضری لگانے  کے بعد چمن شہر کے گلیوں کوچوں اور محلوں میں گشت  کیا کریں ۔

اس سلسلے میں ڈی  سی جمعہ داد خان مندوخیل نے مختلف علاقوں کا گشت کیا  اور فلیگ مارچ میں شرکت کی۔ انہوں نے   ٹائیگر فورس، کیوآرایف کے گشت اور کارروائیوں کے عمل کی خود نگرانی  کی۔انہوں نے پرانا چمن بائی پاس بغراہ روڈ کالج روڈ مال روڈ اور چمن کے گردنواح میں تمام چیک پوسٹوں کا اچانک دورہ کیا ، گشت کے عمل کا بھی خود اپنے انکھوں سے  جائزہ لیا اور انہیں ہر وقت  الرٹ رہنے کی سختی سے تاکید کی ۔

ڈی سی نے مزید کہا کہ  ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی، اسلیے تمام علاقوں کے انچارج اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ  ایمانداری سے ڈیوٹی سرانجام دیں، روزانہ گشت اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ کالے شیشوں اور اسلحہ کی نمائش پہ پابندی ہے، اسکے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فورا کارروائی کریں۔جس علاقے میں بھی اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما  ہوا تو اس علاقے کا انچارج اور ٹیم ذمہ وار ہوگی  جبکہ میں خود رات بھر شہر کی گلیوں اور کوچوں میں نکلتا ہو تو کسی کو بھی ڈیوٹی میں غفلت برتنے کی اجازت نہیں دونگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم شرپسند عناصر کو ختم کرکے ہی دم لینگے اور جہاں پہ بھی کوئی شرپسند نظر آئیں انکے خلاف بھرپور قانونی  کارروائی کریں  جبکہ امن وامان کو برقرار رکھنے، شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کےلیے کسی قربانی سے دریغ نا کریں۔

 ڈی سی چمن نے اپنے ایک پیغام میں چمن کے شہریوں، سیاسی و قبائلی رہنماؤں اور صحافیوں سے بھی امن وامان کو برقرار رکھنے کےلیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے  کہا کہ شہر میں امن وامان برقرار رکھنا ہم سب کے تعاون سے ہی ممکن ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ہمیں فوراً اطلاع دیا کریں۔