ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج ، عراق اور افغانستان جنگ کی مخالفت میرا جرم بن گیا؛ وزیراعظم عمران خان

33

اسلام آباد ، 8 اپریل (اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب سب سے زیادہ کسی کو جانتی ہے تو وہ عمران خان ہے وہ اسی لیے مجھے نکالنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ مجھے جانتے ہیں،  میرا جرم یہ ہے کہ میں نے ڈرون حملوں کی مخالفت کی۔عراق جنگ کی مخالفت کی، افغانستان میں فوجی کارروائی کی مخالفت کی، انہیں پتہ ہے کہ عمران خان کے بیرون ملک اکائونٹس اور جائیدادیں نہیں ہیں اس لیے وہ کٹھ پتلی نہیں بن سکتا جبکہ “بیگرز آر ناٹ چوزرز “والوں کے پیسے  وہاں پڑے ہیں یہ ان کے آگے نہیں بول سکتے انہیں ڈر ہے انکے بیرون ملک اثاثے اور جائیدادیں ضبط ہو جائیں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ڈرون حملوں میں بے گناہ مارے جاتے تھے کوئی پوچھنے والا نہیں۔اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ ایسے لوگ اقتدار میں آجائیں۔انہوں  نے کہاکہ  ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے،تاہم کسی دوسری قوم کی خاطر اپنی قوم کی قربانی نہیں دے سکتا۔ ہمارے صاحب اقتدار ڈالرز کے لئے قوم کو جنگ میں دھکیل دیتے ہیں،روس کے خلاف جنگ میں ڈالر کی بجائے ہم ویسے ساتھ دیتے تو عزت ہوتی اس جنگ کے خاتمے کے بعد ہم پر پابندیاں لگا دیں گئیں۔پھر نائن الیون کے بعد ہم دوبارہ ان کے اتحادی بن گئے۔اس جنگ کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔بلکہ ذلت اٹھانی پڑی۔انہوں نے کہا ہم نے اپنی آزاد خارجہ پالیسی بنانی ہے کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہونا امن کا حصہ بننا ہے۔ہمیں اپنے 22 کروڑ عوام کو غربت سے نکالنا ہے۔ اپنے  مستقبل، ملک کی خودمختاری،جمہوریت کی حفاظت قوم نے کرنی ہے۔

سورس : وی این ایس، اسلام آباد