ہر ایمان والے شخص کو اس واقعے کی مذمت کرنی چاہیے؛ وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق

48

لاہور ، 29اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی بے ادبی اور کسی کی تضحیک کو سپورٹ کرنا لعین لوگوں کا کام ہے،ہر ایمان والے شخص کو اس واقعے کی مذمت کرنی چاہیے۔

جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی قابل مذمت عمل ہے، اس واقعہ کیخلاف کل احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمیں ہراساں کرنے کے لیے نکلےتھے، ہمیں ہراساں ہی کرنا تھا تو پاکستان کم تھا کیا؟ شہباز شریف اپنے کسی ذاتی کام کے لیے سعودی عرب نہیں گئے، لاکھوں پاکستانی سعودی عرب میں کام کرتے ہیں ان کا مستقبل تاریک کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کل قاسم سوری صاحب کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اس پر ہمیں افسوس ہے، قاسم سوری پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، ہمیں سوچنا ہے کہ ہم معاشرے کو کس طرف لے کر جارہے ہیں، ہم کہنا چاہیں تو باہر نکل کر کیا کچھ نہیں کہہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن میں ہو تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کر لیتا ہے، حکومت میں ہو تو انتقامی کارروائیاں کرتا ہے، آئین توڑنے والا غدار ہوتا ہے، تم آرٹیکل 6 کے مجرم ہو، فتنہ عمرانیہ ملک میں تقسیم در تقسیم کررہا ہے، تم جتنی بدتمیزی کرو گے اتنا ہی جواب دیا جائے گا۔