پنجاب میں انسداد پولیو مہم23مئی سے شروع ہو گی ، دو کروڑ20لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے

16

لاہور،13مئی ( اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں 23مئی سے شروع ہونیوالی قومی انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔پانچ روزہ مہم کے دوران پنجاب میں پانچ سال تک کی عمر کے دو کروڑ20لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ  صوبہ کے 36اضلاع میں مہم کے دوران ایک لاکھ56ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے،انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے،بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کیلئے ملک کو پولیو فری بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے سب کو ملکرقومی جذبے کیساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

چیف سیکرٹری کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مارچ میں صوبہ کے 36اضلاع میں مکمل کی جانیوالی انسداد پولیو مہم میں کوریج کا تناسب 101فیصد رہا،مقررہ ہدف دو کروڑ 19لاکھ  70ہزارکے مقابلے میں دو کروڑ 22لاکھ بچوں کو پولیو ویکسئن کے قطرے پلائے گئے۔

تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔