کراچی میں دہشتگردی کے واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی؛ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

3

اسلام آباد،14مئی  (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کے واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی، چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان اور چین نے ہمیشہ تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں وزارت خارجہ میں کراچی میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی باشندوں کی یاد میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی باشندوں کی یاد میں وزارت خارجہ میں اکٹھے ہوئے ہیں، چینی اساتذہ پاکستانی  طلبا کو چینی زبان سکھا رہے تھے، ہم کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی کے واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی، چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان اور چین نے ہمیشہ تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں اور عوام کو بھی خصوصی پیغام پہنچانا چاہتا ہوں، پاکستان اور چین کی دوستی  سے سب واقف ہیں ، پاکستان اور چین کی دوستی نہ  صرف دونوں ملکوں بلکہ عوام کی درمیان بھی ہے، اس دوستی کو قائم کرنے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کا کردار سب کے سامنے ہے۔

 وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چینی باشندوں   کو  دہشتگردی کا واقعہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں  پیش آیاہے، کوئی بھی پاکستانی کبھی یہ برداشت نہیں کرسکتا کہ ہمارے مہمانوں  کو  اس قسم کا دہشتگردی کا واقعہ  پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی مثالیں موجود ہیں۔

سورس؛وی  این ایس، اسلام آباد