اٹک،یکم مئی ( اے پی پی): وزیر اعظم کے وفد میں شامل وزراء کے ساتھ ہلڑ بازی کرکے مسجدنبوی ﷺ کی توہین کے مرتکب ہونے والے ملزمان میں سے گرفتار رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کو ڈیوٹی مجسٹریٹ مشتاق حسین جنجوعہ کی عدالت میں پیش کرکے ایک روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔
شیخ راشد شفیق کو سعودی عرب سے واپسی پر اٹک کی حدود میں واقع نیو ائیر پورٹ اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، تھانہ نیو ائرپورٹ میں فتح جنگ کے وکیل قاضی طارق کی جانب سے ان کے خلاف295A,295,296ت پ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا گیاتھا۔ ان پر مسجد نبوی میں توہین آمیز نعر ہ بازی ، مشاورت ، منصوبہ بندی ، اعانت مجرمانہ کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
شیخ راشد شفیق کو پولیس کی جانب سے 3روزہ ریمانڈ کیلئے ڈیوٹی مجسٹریٹ مشتاق حسین جنجوعہ کی عدالت میں پیش کیا گیا تاہم عدالت نے ملزم کا ایک روزہ ریمانڈ دیدیا ، شیخ راشد شفیق کو (کل) پیر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ایک روزہ ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد ملزم شیخ راشد شفیق کو ایس ایچ او تھانہ نیو ائیر رپورٹ چودھری احسن کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے تھانہ منتقل کر دیا ۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کے پیش نظر ضلع کچہری میں حالات کنٹرول کرنے کیلئے 6گاڑیوں پر پولیس نفری موجود رہی تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے ایک درجن سے بھی کم لوگ ہی عدالت کے باہر جمع ہو سکے۔
یاد رہے کہ ایف آئی آر 100سے 150نا معلوم افراد کے خلاف درج کرائی گئی ہے جس میں سابق وزیراعظم عمران خان ، سابق وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد دیگر سابق وزراء فواد چودھری ، شہباز گل ، مراد سعید اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو نامزد کیا گیا ہے ۔
سورس: وی این ایس، اٹک