کوئٹہ ،29 مئی (اے پی پی ): ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات بخیر و عافیت اختتام پذیر ہو گئے ہیں ، جس سے امن دشمن عناصر کو شکست ہوئی ہے ، بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر حکومت بلوچستان اور سیکورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر اپنے ویڈیو پیغام میں ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کو مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں ، آج عوام کا پولنگ میں جوش و جذبہ قابل دید رہا، ملک دشمن عناصر جو بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے کو عوام نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کر کے منہ توڑ جواب دے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ بلوچستان کے امن کو کوئی بھی سبوتاژ نہیں کر سکتا اور بلوچستان کی تعمیر کو ترقی اسی طریقے سے جاری رہے گی ۔