اسلام آباد،18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام امن کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی شناخت اور اسلامی اقدار کو انتہا پسندی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت مسلمانوں کے خلاف تعصب کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گلوبلایزڈ دنیا میں ایک تنازعہ، نفرت کا اقدام پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیتا ہے۔تنازعات کے اثرات عالمگیر ہیں جس کی مثال روس یوکرین جنگ ہے، ہمیں امن کی نئی راہیں تلاش کرنا ہوں گی،انتہا پسندی کے مسئلہ حل نہ کیا گیا تو دنیا شکست و ریخت کا شکار ہو جاے گی۔تنازعات کے حل کیلیے ہنگامی اقدامات اٹھانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔