سیالکوٹ ، 27مئی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جمعہ کو یہاں گورنمنٹ سردار بیگم ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کامعائنہ کیا جبکہ مریضوں اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے چلڈرن وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور والدین سے علاج معالجہ کی سہولتوں بارے استفسار کیا۔انہوں نےزیر علاج بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ ہسپتال میں داخل ہر مریض کو بروقت بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے، دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہوں،پوری کوشش کروں گا کہ ہسپتالوں کو حقیقی معنوں میں شفا خانے بناؤں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔