ملتان، 29 مئی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مشروبات کی تیاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 جوس فیکٹریز پر چھاپے مارے اور500 کلو مینگو پلپ، 334 لیٹر غیر معیاری فلیور ڈرنکس، 13 کلو ناقابل سراغ فلیورز تلف کر دیا۔ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز مبشر رحمان نے کی۔
کارروائیاں قصبہ مڑل شجاع آباد روڈ اور بہاولپور بائی پاس چوک پر کی گئیں۔ مینگو فلیور ڈرنک پلانٹ کی بہتری تک پروڈکشن بند کر دی گئی ہے۔ مشروبات کی تیاری میں کھلے اجزاء کی ملاوٹ، ایکسپائری ڈیٹ درج نہ کرنے، معروف برانڈز کی بوتلیں استعمال کرنے، مس برانڈنگ کرنے پر ڈرنک پروڈکشن یونٹ بند کردیا گیا اور ایکسپائرڈ کیمیکل کے استعمال،پروڈکشن ایریا میں چھپکلیاں، فلنگ ایریا میں گندگی اور بدبودار مینگو پلپ کی موجودگی پر بیوریجز پلانٹ کو 70 ہزار جرمانہ کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ غیر معیاری خوراک تیار کرنیوالا ہر چھوٹا بڑا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کی پکڑ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام زہریلی مشروبات بنانے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔