پاکستان  کی  امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے؛ نیول چیف امجد خان نیازی

9

اسلام آباد،27مئی  (اے پی پی):چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،  خطے کی بدلتی ہوئی میری ٹائم صورتحال ہمہ وقت چوکس و تیار رہنے کی متقاضی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں پاک بحریہ کے 51ویں  اسٹاف کورس کی کانووکیشن تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کورس مکمل کرنے والے 98 افسران کو ماسٹرز ڈگری دی  گئی، کورس میں پاکستان کی مسلح افواج کے علاوہ دوست ممالک کے 32 افسران بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کو ایک جارح دشمن کا سامنا ہے جو اپنی روایتی جنگی استعداد میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی بدلتی ہوئی میری ٹائم صورتحال ہمہ وقت چوکس و تیار رہنے کی متقاضی ہے۔ قبل ازیں کالج کے کمانڈانٹ نے کورس کے دوران شرکاء کی مختلف پیشہ وارانہ اور علمی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔