پاکپتن،یکم مئی(اے پی پی):عید کے پر مسرت موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاکپتن پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔عیدگاہوں پر 640 پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نصیب اللہ خاں نے ایک وڈیو پیغام میں بتایا کہ پولیس کے جوان اپنی خوشیوں کو آپ کی خوشیوں پر قربان کرتے ہوئے اپنے بیوی بچوں سے دور آپ عوام کی حفاظت پر مامور ہیں۔انہوں نے کہا کہ 640پولیس اہلکاروں کے علاوہ پیٹرولنگ گشت بھی جاری ہے تاکہ جرائم کی بیخ کنی میں مدد مل سکے۔انہوں نے عوام سے بھی التماس کی کہ وہ نا صرف اپنے ارد گرد جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھیں بلکہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی قطعاً کوشش نہ کریں۔
ڈی پی او نے اپنے پیغام میں کہا کہ ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور قانون شکنی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سورس: وی این ایس، پاکپتن