پولیس موبائل پر ڈاکووں کی فائرنگ، ایک کانسٹیبل زخمی،علاقے میں سرچ آپریشن،متعدد مشتبہ افراد زیر حراست،مقدمہ درج

7

مظفر گڑھ، 12 مئی(اے پی پی):پولیس موبائل پر ڈاکووں کی فائرنگ،ایک کانسٹیبل گولی لگنے سے زخمی،علاقے میں سرچ آپریشن،متعدد مشتبہ افراد زیر حراست،مقدمہ درج،پولیس ترجمان کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے سیت پور میں گزشتہ شب تھانہ کندائی کی موبائل نے گشت کے دوران خیر پور روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار 2 مشکوک افراد کو روکا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر کانسٹیبل صدیق نے ایک شخص کودبوچ لیا قابو آنے والے شخص نے کانسٹیبل پر فائر کھول دیا جس سے کانسٹیبل صدیق شدید زخمی ہو گیا،اور دونوں مشکوک افراد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،زخمی کانسٹیبل صدیق کو تشویشناک حالت کے پیش نظر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا ہے،

وقوعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے  کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور 15 سے زائد مشکوک افراد کو بغرض تفتیش تحویل میں لے لیا ہے،فارنزک ٹیموں نے موقع واردات سےشواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔

وقوعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ سیت پور میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے،پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ڈی پی او مظفرگڑھ کیپٹن(ر)طارق ولایت نے نشتر ہسپتال میں جا کر زخمی کانسٹیبل کی عیادت کی اور اسے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔