مانسہرہ،29مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمدشہبازشریف نے اتوار کو یہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کرنے کے موقع پرمنعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دل پرپتھررکھ کرکیاگیاہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ 8 کروڑغریب لوگوں کیلئے 28 ارب روپے کی سبسڈی کابھی اعلان کیاگیاہے۔عمران خان نے اپنی حکومت کے آخری دنوں میں تیل کی قیمتوں کواس وقت کم کیا جب دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں، انہیں (عمران خان) پتہ تھا کہ انہیں آئینی طریقے سے نکالا جارہاہے اسلئے انہوں نے ہماری لئے جال پھینکا۔
وزیراعظم نے کہاکہ انہیں عوام کی تکلیفوں اورمشکلوں کااحساس ہے، زرتلافی کا اعلان اسی تناظرمیں کیاگیاہے، 28 ارب کے پیکج کے تحت 8 کروڑلوگوں کودوہزارروپے ماہانہ کی سبسڈی دی جائیگی۔وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے دوہفتے قبل کہاتھاکہ اگرخیبرپختونخوا کی حکومت نے آٹا کی قیمت کم کی توٹھیک ہے بصورت دیگرہم اسے کم کردیں گے۔ اس کا ابھی تک ہمیں جواب موصول نہیں ہوا، کل سے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھرمیں 10کلو آٹے کاتھیلہ 400 روپے میں یوٹیلیٹی سٹورزپردستیاب ہوگا۔ میری وزیراعلیٰ خیبرپختو نخواسے درخواست ہے کہ وہ اپنے صوبہ کے غریب عوام کیلئے کوششیں کریں۔