پی ٹی آئی نے مارچ کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی؛ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز

7

سیالکوٹ،27مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی نے مارچ کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی،ہر طرح کے حربے اپنائے گئے، حملے کئے گئے۔انہوں نے  کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انہوں نے وہی کیا جو 126 دن کے دھرنوں میں کیا گیا۔

جمعہ کو ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان  کا کہنا تھا  کہ کانسٹیبل جاوید کے اہل خانہ کو دیکھ کر دل رنجیدہ ہے،اللہ تعالیٰ سب بچوں پر والدین کا سایہ قائم رکھے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نہیں بلکہ باپ کی حیثیت سے بچوں کے سر پر ہاتھ رکھنے آیا ہوں،چند روز قبل کانسٹیل کمال احمد کے گھر  بھی گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ 12 کروڑ عوام کے صوبے میں پولیس نے بہترین فرائض سرانجام دیئے، عوام کے جان و مال کی حفاظت اور امن و امان قائم رکھنے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،دعا گو ہوں اللہ تعالیٰ صوبے کو امن کا گہوارہ بنائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیڑھ ماہ سے گورنر اور کابینہ نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پٹرول میں 30 روپے اضافہ ہمارے دل پر بھی بوجھ ہے،عوام کا احساس ہے یہ فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا گیا۔عوام کی آسانی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ ٹن گندم 2200 روپے فی من کے حساب سے خریدی۔عوام کو آٹا 160 روپے کمی کے ساتھ بیچ رہے ہیں۔گھی اور چینی کے نرخ میں بھی کمی لائیں گے۔عوام کی مشکل زندگی کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے جامع پیکیج دیں گے۔