قلعہ عبداللہ، 25 مئی (اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ضلع قلعہ عبداللہ کا دورہ کیا اور انسداد پولیو اور بلدیاتی انتخابات کے تیاریوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد کاکڑ نے اجلاس کو پولیو مہم اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ انسداد پولیو مہم میں 64 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ایل ایچ ڈبلیوز، موبائل ٹیم، فکسڈ پوائنٹس اور ای پی آئی سنٹر کے ذریعے قطرے پلائے جائیں گے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ انکاری والدین کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے راضی کیا جائے۔ پولیو مہم میں علماء کرام، قبائلی عمائدین، والدین اور ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو مہم میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس دنیا میں اس وقت صرف پاکستان اور افغانستان میں پایا جاتا ہے اور ہمیں اس ملک و صوبے کو پولیو سے پاک کرنا ہوگا،بچے ہمارا مستقبل ہے اور ہمیں اپنے مستقبل کو ہر حال میں بچانا ہوگا ۔
چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو مہم میں سیاسی رہنماؤں کے ساتھ رابطہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو پرامن ماحول میں منعقد کئے جائیں اور الیکشن کے حوالے سے سیاسی پارٹیاں انتخابات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے جبکہ پرامن ماحول میں انتخابات کو منعقد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، عوام کی خدمت سرکاری ملازمین کا فرض ہے۔
دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے پی پی ایچ آئی اور مقامی ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی حمیداللہ ناصر ، ڈی جی ہیلتھ محمد نور قاضی، صوبائی سربراہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر مختیار بھی ان کے ہمراہ تھے ۔