ہزارہ موٹر وے سے گزرتے ہوئے ہر دم نواز شریف یاد آئے کہ وہ پاکستان کے معمار ہیں ؛ وزیراعظم محمدشہبازشریف کا مانسہرہ میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب

18

مانسہرہ،29مئی  (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے   اتوار کو یہاں   مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کرنے کے موقع پرمنعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہزارہ موٹر وے سے گزرتے ہوئے ہر دم نواز شریف یاد آئے کہ وہ پاکستان کے معمار ہیں۔

  وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ وہ آج پہلی بارہزارہ موٹروے سے سفرکرکے یہاں آئے ہیں، آج سفرکرتے ہوئے ہرلمحہ محسوس کیاکہ محمدنوازشریف نے پاکستان میں کیسی شاندارموٹرویز تعمیرکی ہے۔اس سے پہلے سکھرملتان موٹروے کا 2016 میں آغازہوا اورسے اپنے دورحکومت میں مکمل کیا، یہ وہ عظیم منصوبے ہیں  جو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مکمل ہوئے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ اسلام آبادمری ایکسپریس وے سے گزرتے ہوئے احساس ہوتاہے کہ محمدنوازشریف نے کس طرح محنت اورلگن سے پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے محنت کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ اللہ تعالی نے موقع دیا تووہ پشاورکولاہوراورپورے خیبرپختونخوا کو پنجاب کی طرح ترقی کی راہ پرگامزن کریں گے لیکن اس کیلئے خیبرپختونخوا کے عوام کوفیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا وہ ایک اناپرست، دن رات جھوٹ بولنے والے، غربت اوربے روزگاری میں اضافہ کرنے والے  اورفتنہ وتخریب کرنے والے عمران خان  یاملک اورقوم کوترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے والے محمد  نوازشریف کا انتخاب کرتے ہیں۔