ہم انتقامی سیاست نہیں کرنا چاہ رہے ، چاہتے ہیں کہ عوام کے مسائل کم ہو،معیشت بہتر ہو؛سید خورشید احمد شاہ

40

سکھر،04مئی(اے پی پی):وفاقی وزیرِ آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ ہم انتقامی سیاست نہیں کرنا چاہ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے مسائل کم ہوں اور پریشانیوں کا خاتمہ ہو،معیشت بہتر ہو۔

بدھ کو یہاں عید ملن پارٹی سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاست اب 60 یا 70 دہائی والی نہیں رہی اب جو سیاست ہورہی ہے اس نے سیاست کا مقصد ہی ختم کردیاہے اور ایسی سیاست ہورہی ہے جیسے جنگ ہورہی ہو اور ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے ہم عوامی مسائل اور پریشانیاں بھول چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں تبدیلی لانا چاہتے ہیں وہ تبدیلی نہیں جو عمران خان لارہےتھے ہم معیشت کو مزید تباہی سے بچانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اگر واقعہ مدینہ میں ہوا ہو تو وہاں پر کیس بننا چاہیے کیونکہ ہم سیاست کو سمجھتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ سیاست میں گولی کا جواب گولی سے نہیں مذاکرات سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی فیصلے کریں وہ جس طرح اپوزیشن میں مل کر کرتے تھے حکومت میں بھی مشترکہ فیصلے کریں اور میں یہ بات کہہ رہا ہوں اور میری بات شہباز شریف تک بھی پہنچے گی وہ مجھے سمجھتے ہیں اور میری باتوں پرتوجہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے بھی عمران خان کی طرح ایکشن کا راستہ لیا تو نقصان ہوگا۔

 وفاقی وزیرِ آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اس وقت ملک پر 22 ہزار ارب روپے کا قرض ہے۔انہوں نے کہا کہ  اگر کوئی ہجوم لیکر آتاہے اسکو آنے دیں اگر کوئی املاک کو نقصان پہنچاتاہے تو پھر ریاست کو ایکشن لینا چاہیے۔