گزشتہ چارسال میں پی ٹی آئی حکومت نے بیس ہزار ارب قرضہ لیکر ایک ڈالر کا منصوبہ بھی نہیں لگایا؛وفاقی وزیر احسن اقبال

21

جدہ،04مئی(اے پی پی):  وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ چارسال میں پی ٹی آئی حکومت نے بیس ہزار ارب قرضہ لیکر ایک ڈالر کا منصوبہ بھی نہیں لگایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار  وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےبدھ کو یہاں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں پاکستان کے بیرون ملک تمام دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، ہمارے بہترین دوست چین کو ناراض کیا گیا، چار سال میں چین نے سی پیک پر ایک ڈالر خرچ نہیں کیا ہے جبکہ سعودی عرب جیسے ہمارے ہمدرد ملک کیساتھ سرد مہری کا مظاہرہ کیا گیا اور یورپین یونین کو دھمکیاں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ بھی ہماری معیشت کا حصہ ہے اس پر الزام لگادیا گیا کہ امریکہ نے حکومت ہٹانے کی سازش کی ہے ،اسطرح حکومت کیسے چل سکتی ہے، دنیا میں تنہا رہ کر حکومت کسطرح کام کرسکتی ہے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک گزشتہ چار سال انارکی کا شکار رہا ہے اور عوام میں ایک دوسرے کے خلاف نفرتیں پیدا کی گئیں جو اب بیرونی دنیا میں بھی ایک سابقہ حکومتی جماعت نے پھیلا دی ہیں، یہ نفرتیں ملکوں کو تباہ کردیتی ہیں ۔انہوں نے کہا ایک جماعت ملک کے اداروں کو بدنام کرنے کا ٹھیکا اٹھائے ہوئے ہے، عدالتوں کا کام آئین کی پاسداری ہے اگر ہم اسکا احترام نہیں کرینگے تو عدالت کا فرض ہے، اگر رات بارہ بجے عدالت نہ کھلتی تو عدالت کٹہرے میں کھڑی ہوتی کہ آئین پر حملہ ہوا آپ نے کیوں اقدام نہیں اٹھایا ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہماری حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کے حق میں ہے مگر دنیا میں کہیں بھی بزریعہ کمپیوٹر ووٹنگ کامیاب نہیں سب سے بہتر بیلٹ کا طریقہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی اصلاحات پر کام کررہے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کے مسئلے کا بھی حل نکالینگے ۔

مدینہ المنورہ میں حالیہ واقع کا ذکر کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ روضہ رسول ﷺ پر اونچی آواز سے بات بھی ہمارے مذہب کا حصہ نہیں ۔اس شرمناک واقع کے بعد سعودی عرب میں موجود دیگر ممالک کے لوگ ہمیں لعنت ملامت کررہے ہیں ۔

قونصل جنرل خالد مجید نے ابتداء میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو قونصلیٹ میں خوش آمدید کہا۔