پشاور،29جون(اے پی پی): افغانستان کے صوبہ خوست اور پکتیکا میں زلزلہ سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان پر پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی جانب سےمزید پانچ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان انگوراڈہ بارڈر کے لئے روانہ کردیا گیا جس میں ادویات، فوڈپیکجز، خیمے، ترپالیں، کمبل اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں ۔
پشاور سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کرنے کے موقع پرالخدمت کے صوباٸی صدر خالد وقاص نے الخدمت پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مرکزی پروگرام منیجر آصف جمال اور خیبر پختونخوا ریجن کے میڈیا منیجر نور الواحد جدون کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے الخدمت فاونڈیشن امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کررہا ہے اور اب تک الخدمت فاؤنڈیشن پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے تقریبا تین کروڑ روپے مالیت کی امداد خوست اور پکتیکا کے زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے روانہ کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ دونوں صوبوں میں ہماری امدادی ٹیمیں پہلے ہی پہنچ چکی ہیں اور سروے کےبعد الخدمت نے متاثرہ علاقوں میں فوری ضرورت کی اشیاء کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور کہا عنقریب ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر مشتمل مزید میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں کے لئےروانہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے معاشرے کے اہل خیر افراد سے اپیل کی ہے کہ افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی امدادکے لئے الخدمت فاونڈیشن کا ساتھ دیں تاکہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے زلزلہ متاثرین کی مشکلات پر مشترکہ کاوشوں کے ذریعے قابو پایا جاسکے۔